کاروار 30؍نومبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے منڈگوڈ شہر میں یلاپو ر ۔بنکاپور روڈ پردلیر لٹیروں کی طرف سے ایک اے ٹی ایم بوتھ سے 30لاکھ روپے اڑالے جانے کی واردات پیش آئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گانگیر کامپلیکس میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اے ٹی ایم بوتھ پر ڈکیتی کی یہ واردات صبح کے وقت قریب تین بجے پیش آئی ہے۔اے ٹی ایم بوتھ پر کار کے ذریعے آنے والی ڈکیتوں کی ایک تین رکنی ٹولی نے گیس کٹر کا استعمال کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشین کو کاٹنے کے بعد اس میں موجود نقدی پر ہاتھ صاف کیا ہے۔ واردات کی اطلاع ملنے پر منڈگوڈ کے پولیس انسپکٹر کرن کمار نائک نے موقع پر پہنچ کرسی سی ٹی وی کیمرے میں موجود فوٹیج کا معائنہ کیا۔اس سے پتہ چلا کہ لٹیروں میں ایک نے اپنے چہرے پر نقاب پہن رکھاتھا اور دوسرے کا چہرہ کھلا ہواتھا۔جبکہ تیسرے شخص کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ کار کے اندر ہی بیٹھا رہا ہوگا۔فوٹیج سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لوٹ کی اس کارروائی میں تیس منٹ کا وقفہ لگا ہے۔
پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔
